غلام محمد صفی کا حق خود ارادیت کی جدوجہد ایک حریت کانفرنس کے جھنڈے تلے جاری رکھنے کے فیصلے کا خیر مقدم


اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک حریت جموں کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین اور جملہ اکائیوں کے اس فیصلے کو سراہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حصول حق خود ارادیت کی جدوجہد ایک حریت کانفرنس کے جھنڈے تلے جمہوری انداز میں جاری رکھی جائے گی اور یہ کہ آئندہ ہر ایسے اقدام سے احتیاط برتی جائے گی جو اتحاد میں رخنہ اندازی کا سبب بن سکتا ہو۔

تحریک حریت کے کنوینر نے اب تک حریت کے دو مختلف بینرز تلے کام کرنے والی تمام اکائیوں کو ایک جھنڈے تلے جمع ھونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس عمل کے نتیجے میں شہیدوں خصوصا گیلانی اور صحرائی کی روح کو سکون نصیب ہوگا اور تحریک اپنی منزل تک پہنچنے میں ضرور کامیاب ہوگی ۔

غلام محمد صفی نے کشمیری عوام کے قاتل نریندر مودی کے دورے کے موقع پر ریاستی عوام کے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ھوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ کمیٹیوں ، یوتھ ، خواتین اور دیگر اہم معاملات پر بھی اتفاق رائے کے ساتھ جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔