وزیر اعظم کا کسانوں کی مالی امداد کا اعلان


لاہور (صباح نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سیالکوٹ میں آگ لگنے گندم کی تیار فصل کی تباہی پر متاثرہ کسانوں کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔ جس کے تحت کسانوں کو فوری چیک فراہم کیے جائیں گے۔رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے90  ہزار کلوگرام گندم کی فصل جل کر راکھ ہونے پر پنجاب حکومت کو کسانوں کی فوری مالی امداد کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ بیلہ پل باجواں، بجوت سیکٹر میں 23 اپریل 2022 کو گندم کی تیار فصل کو آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 77 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا تھا، 76 ایکڑ میں گندم کی فصل کٹائی کے لئے تیار حالت میں تھی۔سرکاری رپورٹ کے مطابق 15 کاشتکاروں کی تیار گندم جل گئی تھی، جس کی وجہ مشین کی فنی خرابی تھی جو آگ لگنے کا باعث بنی۔

تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ مشین کے قریب ہی ذخیرہ کردہ 80 لیٹر ڈیزل کے آگ پکڑنے سے حادثے کا دائرہ پھیل گیا تھا اور فاصلہ زیادہ ہونے کی بنا پر فائر بریگیڈ کو پہنچنے میں وقت لگا تاہم فائربریگیڈ کی کوششوں سے آگ کو 135 ایکڑ میں پھیلنے سے روکا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پی کے ایل آئی میں اسپیشل ٹریٹمنٹ یونٹ کا دورہ کیا اور وزیراعظم کو اسپیشل ٹریٹمنٹ یونٹ میں مریضوں کو دستیاب جدید علاج کی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پی کے ایل آئی کے حکام کو خصوصی ہدایت کی کہ مریضوں کو تمام دستیاب سہولتیں مثر طریقے سے پہنچائی جائیں