کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جان بوجھ کر بلدیاتی انتخابات نہیں کروانا چاہتی،یہ جانتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات سے ہی مقامی لیڈر شپ ابھرتی ہے،نام نہاد جمہوری پارٹیاں ماتحت سسٹم کو با اختیار ہی نہیں کرنا چاہتی اس لیے بلدیاتی انتخابات نہیں کرواتی،ماضی میں بھی سپریم کورٹ کے احکامات پر ہی بلدیاتی انتخابات کروائے گئے ،جماعت اسلامی کے سواکوئی بھی پارٹی کراچی کو اون نہیں کرتی ، کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں ۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر ضلع وسطی قیصر جمیل ،سکریٹری ضلع اویس یاسین ، ناظم علاقہ مشیرالسلام ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کی ایماء پر تباہ و برباد کردیا ہے ،سود سے چھٹکارا حاصل کرنے سے ہی ملکی معیشت بہتر ہوسکے گی، آئی ایم ایف اورورلڈ بنک کے آلہ کار وںکا ہدف جاگیردار وں اور وڈیروں کو تقویت پہنچانا ہے ، ملک میں آئی ایم ایف کی ایماء پر ہی آئے روز مہنگائی کا طوفان آتا ہے ، بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سود سے نجات حاصل کرنے کے لیے مل کر جدوجہد کریں۔
انہوں نے کہاکہ 74سال ہوگئے لیکن بدقسمتی سے یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلام کی ہدایت اور ان احکامات پر عمل نہیں ہوا۔جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے خلاف کراچی کے عوام کو لوٹنے اور ان سے ناانصافی کے حوالے سے پٹیشن دائر کی ہوئی ہے اور پانچ سال گزرگئے لیکن اس کی سماعت ہی نہیں ہورہی ہے۔ملک میں ایک مخصوص طبقے نے سیاست اور حکومت پر قبضہ جمایا ہوا ہے حکمران آتے جاتے رہے چہرے بدلتے رہے لیکن عوام کے حالات نہیں بدلے،بڑی بڑی جماعتیں ہیں جو خود کو جمہوری کہتی ہیں لیکن ان کے اندر بھی خاندان کے لوگوں کا ہی قبضہ ہے، اس میں پیپلزپارٹی، نواز لیگ،سمیت تمام پارٹیاں شامل ہیں،جب تک ملک میں اللہ تعالیٰ کے احکامات پر مبنی نظام قائم نہیں ہوگا،سودی معیشت سے نجات حاصل نہیں کی جائے گی،ملک اور قوم کے حالات نہیں بدل سکتے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ شہر میں اس وقت مجموعی طور پر پانی اور بجلی کا بحران ہے،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور کے بعد آج 17 سال گزرگئے لیکن بد قسمتی سے ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں ہوا،شہریوں کو ٹینکر مافیا سے تو پانی ملتا ہے لیکن نلکوں میں پانی نہیں آتا،کراچی کے شہریوں نے پی ٹی آئی کو جھولی بھر بھر کے ووٹ دیے لیکن پی ٹی آئی نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔