مجرموں کا ای سی ایل سے نام خود نکالنا قوم کیساتھ بدترین مذاق ہے، حلیم عادل


کراچی (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ نئی حکومت نے 150 افراد کا نام ای سی ایل سے نکال دیا ہے، مجرموں کا ای سی ایل سے اپنے نام خود نکالنا قوم کیساتھ بدترین مذاق ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ شب 150 کریمنلز موسٹ وانٹڈ کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا، نیب اور ایف آئی اے کو مطلوب ایسے لوگوں کے نام نکالے گئے جن پر اربوں روپے کے ڈاکے ڈالنے کا الزام ہے۔ ای سی ایل میں ان کے نام اس لئے ڈالے گئے تھے کہ کہیں یہ غریب عوام کا پیسہ لیکر باہر بھاگ نہ جائیں۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ نے رانا ثنا اللہ کا نام ای سی ایل سے نکال دیا، جنہوں نے ملک کو لوٹا وہ ڈاکو آزاد ہوگئے۔

اہل وطن کو مخاطب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستانیو، یہ این آر او لیا اور دیا جارہا ہے، اب یہ نیب کو ختم کرکے پاکستان سے بھاگ جائیں گے، قوم ان ہتھکنڈوں کو پہچانیں، یہ تماشاناقابل قبول ہے، عمران خان نے دوبارہ آنا ہے اس لیے یہ پہلے سے بھاگ رہے ہیں۔