اب عمران خان گھبرائیں نہیں، آئینی راستہ اختیار کرکے استعفیٰ دیں، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے شجاع آباد تحصیل بار اور خان بیلہ، جلال پور پیروالا، ظریف شہید میں عوامی اجتماعات اور میڈیا نمائندگان سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے اپنی نااہلی، غرور و تکبر، پُرمذہب اعلانات سے اپنی ساکھ اور حکومت کو خود ڈبو دیا ہے۔ چالیس ماہ میں ملک، عوام اور ریاستی اداروں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کی کھلی سنگی اور جارحانہ حمایت حاصل ہونے کے باوجود عوام کوریلیف نہیں ملا، بلکہ خود ریاستی اداروں کی ساکھ کو بڑا نقصان پہنچا دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ، آئینی جمہوری، سیاسی عمل، معیشت اور ریاستی نظام بری طرح متاثر ہے۔ اسٹیٹس کو بدتر اور مہنگائی و بے روزگاری عذاب بن گئی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئین کے مطابق حکومت کو پانچ سال کی مدت حاصل ہے، لیکن جب حکومت نااہل، ناکام ہو، قومی وحدت، قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کو بڑا نقصان لاحق ہو تو آئین ہی کے مطابق نااہل قیادت کی تبدیلی اور قبل از وقت انتخابات کا راستہ موجود ہے۔ عمران خان خود کہتے تھے کہ عوامی احتجاج، حکومت کے پاس غیرت ہو تو وہ مستعفی ہو جائے۔ اب مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، کرپشن، رشوت سے ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔ اب عمران خان گھبرائیں نہیں آئینی راستہ اختیار کریں اور اقتدار سے چمٹنے کی بجائے استعفیٰ دیں۔

لیاقت بلوچ نے خان بیلہ میں نوجوانوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقسیم تقریب انعامات سے خطاب کرتے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سیمی ٹائنل میں شکست پر سب کو افسوس ہے، لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ کامیابی کے بعد بے خطر تعریفوں، خیالی دعوؤں اور تکبرو غرور کی بجائے کھلاڑی کو ہمیشہ اپنے کھیل پر توجہ دینا چاہیے۔ پاکستان کے نوجوانوں میں بڑی صلاحیتیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں نے کھیل کے میدان ویران کر دیے ہیں۔ سہولتوں کی فراہمی اور میرٹ پر کھلاڑیوں کے چناؤ سے ازسر نو کھیل کے ہر میدان میں سبز ہلالی پرچم بلند ہو سکتا ہے۔ نوجوانوں کے لیے بے روزگاری عذاب بن گئی ہے۔ 28نومبر کو نوجوان اسلام آباد میں تاریخ ساز احتجاج کریں گے۔