لاہور،نارووال(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان دور اقتدار کی ناکامیوں کا تسلسل نئی اتحادی حکومت ہے۔ لیاقت بلوچ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی، ماہ رمضان میں نمازیوں کی شہادتوں اور زخمی کئے جانے والے واقعات اور افغانستان میں مسلسل مساجد، نمازیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی
جامعہ رحیمیہ گلبرگ میں خطاب اور نارووال میں معززین، سیاسی دینی کارکنان کے اعزاز میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور افغانستان کی مساجد میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ صیہونیت اور اسرائیل ہے،امریکہ دنیا بھر میں دہشت گردوں اور دہشت گردی کا سرپرست ہے،قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطین پر ناجائز اسرائیلی قبضہ کا خاتمہ عالمی اداروں اور عالم اسلام کی گردنوں پر قرض اور فرض ہے،اسرائیل کی ناجائز ریاست کا خاتمہ اور فلسطین کو آزادی کا حق دیے بغیر امن قائم نہیں ہوگا،افغانستان میں امریکہ اور نیٹو فورسز اپنی شکست تسلیم کرنے کی بجائے افغان عوام کی فتح کو دیوار سے لگارہے ہیں،پاکستان سے فلسطینیوں اور افغانوں کی مدد کے لیے مضبوط آواز کشمیریوں کی جدوجہد کی پشت بانی کے لیے ضروری ہے.
لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ عمران خان دور حکومت کی ناکامیوں کا تسلسل نئی اتحادی حکومت ہے،اقتصادی تباہی اور بحرانوں کا خاتمہ اور ملکی مسائل کا حل مختلف الخیال اور مختلف العقائد جماعتیں جم کر نہیں کرسکیں،عمران خان حکومت نے ملکی تباہی کے لیے ناکامی اور نااہلی کے کانٹے اور بارودی سرنگیں بچھائیں،عوامی اعتماد منتشر ہوچکا ہے،سیاست میں بدزبانیاں، الزام تراشیاں اور بدتہذیبی روگ بن گئی ہیں،قومی ترجیحات اور انتخابی اصلاحات وقت کا سب سے اہم تقاضا اور ضرورت ہیں،متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات سے سیاسی جماعتوں کی اہمیت مستحکم ہوگی، اسٹیبلشمنٹ اور نام نہاد، بے وفا آلہ کار الیکٹیبلز سے چھٹکارا ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف تمام تر توجہ جلد از جلد انتخابات پر مرکوز رکھیں،ایڈہاک ازم، جلدبازی کے ترقیاتی اقدامات ناپائیدار ہونگے،عوام کا اعتماد بحال کیا جائے،عوام 1970 ء کے بعد ہر دور کے چمکتے، دل آویز اور گمراہی کے بیانیوں کو پرکھ چکے،اپنی ناکامیوں، نااہلیوں اورعوام دشمن دور حکومت کے اقدامات کو چھپانے کے لیے قومی سلامتی کے لیے خطرناک بیانیہ کا چورن نہیں بکے گا۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام کی حکمرانی، عوامی مسائل کے حل اور شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کے تقدس کی بحالی کی جدوجہد سے بحرانوں کا خاتمہ کرے گی۔