لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمان نصف صدی سے صیہونی قابض افواج کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ جان و مال کی قربانی کے باوجود فلسطینی مسلمانوں کو مایوسی چھو کر نہیں گزری۔ فلسطین کی تحریک آزادی کا پرچم ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہو رہا ہے اور وہ ظلم و ستم کے سامنے چٹان بن کر کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی آئی اے سوسائٹی کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے افسوس کا اظہار کیا کہ فلسطینی مسلمانوں پر حملے ہو رہے ہیں، مگر کچھ اسلامی ممالک کے سربراہان اسرائیل سے محبت کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کا یہ رویہ قابل شرم اور قابل مذمت ہے۔
انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی بھلے اسلامی دنیا کے حکمران اس پر خاموشی اختیار کیے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینی مسلمانوں کی تحریک آزادی کی پشتیبان ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔