کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پراسرائیلی افواج کی جانب سے اہل فلسطین پر ظلم ومسجد اقصی کی بے حرمتی کے خلاف یوم یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں مدینہ مسجد طارق روڈ ڈالمن سینٹر پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، کراچی کے شہریوں نے صیہونی افواج کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار اور فسلطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور فلسطینی پرچم بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ قبلہ اول کی آزادی عرب و عجم کا نہیں پوری امت مسلمہ کے ایمان کا مسئلہ ہے۔شرکا نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر، مردہ باد مردہ باد اسرائیل مردہ آباد، اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد کے نعرے شامل تھے۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر نائب امرا جماعت اسلامی کراچی راجا عارف سلطان، محمد اسحاق خان،عبد الوہاب،ڈپٹی سکریٹریز کراچی عبد الرزاق خان اور انجینئر عبد العزیز،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،امرا اضلاع و دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قبلہ اول کی آزادی مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے،عالم عرب کاحکمران طبقہ مغرب کے آگے سجدہ ریز رہتا ہے لیکن مسلمانوں کے خلاف اٹھنے والے اقدامات پر خاموش رہتاہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عالم اسلام کے حکمران علی الاعلان امریکہ کے خلاف بغاوت کا اعلان کریں،بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بیت المقدس مسجد اقصی کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں،یہودی ایک بار پھر سے مسلمانوں کے خلاف سازش کررہے ہیں،گذشتہ دنوں صیہونی اور اسرائیلی فوجیوں نے رمضان المبارک کے باوجود فلسطینی مسلمان بچوں کو گرفتار کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا،بد قسمتی سے طویل عرصے سے فلسطین میں یہودیوں کو آباد کیا جارہا ہے حماس کے نوجوانوں اور مسلمان بچے بوڑھے اور خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے استقامت کا اظہار کیا ہوا ہے،فلسطینی مسلمان تلواروں کے سائے میں عبادات کرنے پر مجبور ہیں،فلسطینی عوام نے اللہ کی غلامی کو قبول کیا اور طاغوت سے بغاوت کی ہے،عالم اسلام کے حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی قبول کی ہوئی ہے،ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیئے کہ ہمارے حکمران بھی امریکہ اور آئی ایم ایف کے غلام بنے ہوئے ہیں،ہمارے حکمران چہرے بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں،بیت المقدس کی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ حکمرانوں سے نجات کے لیے بھی جدوجہد کریں۔
سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہاکہ فلسطین میں قبلہ اول پر قبضہ مکہ مدینہ پر قبضہ ہے،یہودونصاری مسلمانوں کے خلاف سازشیں کررہے ہیں،امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ قبلہ اول کہ آزادی کے لیے متحد ہوجائیں،جماعت اسلامی فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کررہی ہے اور ان شا اللہ وہ دن دور نہیں ہم قبلہ اول کو اسرائیل سے ضرور آزاد کروائیں گے۔