آئین کا تماشا بنانے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، نیئر بخاری


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ آئین کا تماشا بنانے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

ایک بیان میں  نیئر بخاری نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے خوف سے سانسیں اکھڑ رہی ہیں، گھبرانا نہیں والے نے اگر ملک دشمن شہریوں سے مدد نہیں لی تو بھاگتے کیوں ہو۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے جھوٹے دعویدار نے غریب قوم کا ایک ارب روپے صرف گھر سے دفتر تک ہیلی کاپٹر سواری کے نشے میں اڑا دیا۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ قومی خزانہ قومی امانت ہے کسی کے باپ کا پیسہ نہیں کہ حساب اور احتساب نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تعریف صرف اتنی ہے کہ توشہ خانہ ان کی مرضی، کرپشن ان کا حق، نالائقی ان کا کردار اور جھوٹ، مکار، فریب، دھوکہ ان کی پہچان۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد لاہوریوں نے بھی آٹا، چینی، ادویات کھاد، چوروں کو اوقات یاد دلا دی ہے، آئین کا تماشا بنانے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں فوج پولیس اور عدالتوں اور خانہ جنگی کی کھلی دھمکیوں سے لگتا ہے کرسی چھننے کے بعد بھی سستا نشہ جاری ہے۔