سری لنکا میں پھنسے 56 پاکستانی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچائے جائیں گے

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر نجکاری عبد العلیم خان کی مشترکہ کاوشوں سے کئی سالوں سے سری لنکا میں پھنسے 56 پاکستانیوں کی وطن واپسی ممکن ہوسکی ہے،وہ ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وطن واپس پہنچائے جائیں گے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق ان پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزارت داخلہ اور سری لنکن حکام کے درمیان تین ماہ سے رابطوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔وزیر داخلہ نے وزارت کو ان کی رہائی اور وطن واپسی کا ٹاسک سونپا تھا۔

سری لنکا سے ان قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات وزیر نجکاری عبد العلیم خان برداشت کریں گے۔اس معاملہ پر بھرپور تعاون کے لئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کی حکومت اور ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے ان قیدیوں کی وطن واپسی کے اخراجات برداشت کرنے پر وزیر نجکاری عبد العلیم خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔انسانی بنیادوں پر کی گئی یہ اہم کاوش ہے جو اپنے پیاروں سے کئی سالوں سے بچھڑے 56 پاکستانیوں کو ان سے ملائے گی۔