سوات (صباح نیوز)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم نے جہانزیب کالج کے لئے نیو کیمپس کا افتتاح کردیا، بلڈنگ میں ایف ایس سی مارننگ شفٹ کلاسز کا اجراء کل پیر کے دن سے ہوگا، نیو کیمپس کی تعمیر پر 26.82 ملین روپے لاگت آئی ہے ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہترین تعلیمی ماحول کے لئے تعلیمی ڈھانچے کو اپ گریڈ کررہے ہیں، پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں سکولوں کی تعمیر اور اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ سوات ضلع کے تمام کالجوں میں بھی سہولیات فراہم کررہے ہیںک یو نکہ عرصہ دراز سے سوات میں تعلیمی ڈھانچے پر کوئی کام نہیں ہوا تھا،، یونیورسٹیوں کی تعمیر بھی جاری ہے،انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء جدید رجحانات کو اپنائیں، کورونا کی وبائی صورتحال کے دوران تعلیمی ماحول پر بہت اثر پڑا لیکن اس کے بائوجود ہماری حکومت نے سوات میں پرائمری سے لے کر پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول اور تحقیق تک ایک بہترین تعلیمی ماحول مہیا کردیا ہے
۔تقریب سے پرنسپل جہانزیب کالج وفا محمد، پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری سوات محمد زاہد باز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب میں کالج کے طالب علموں نے نعت پڑھی اور ملی نغمے بھی پیش کئے، نیو کیمپس بلڈنگ سات کلاس رومز اور ایک بڑے ہال پر مشتمل ہے اس سے پہلے بلڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے جہانزیب کالج نے ایف ایس سی کے طلباء کے لئے ایوننگ میں کلاسز کا اہتمام کر رکھا تھا تاہم اب نیو کیمپس میں کلاسز کا آغاز کل پیر کے دن سے مارننگ شفٹ میں ہوگا۔