اسلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے کا فیصلہ درست ہے،فواد چوہدری


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو ہدری نے کہا ہے کہ ا سلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے فیصلہ درست ہے۔

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چوں چوں کا مربع حکومت نے عمران خان پر سب سے بڑے دو الزام عائد کئے ہیں انہوں نے گھڑی خریدی اسے بیچ کر بنی گالہ کی سڑک بنو ائی اور دوسرا ہیلی کاپٹر سے روز دفتر آتے تھے، ان دو الزامات سے اندازہ لگا لیں عمران خان نے کس قدر شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں میں ذرا سی بھی شرم ہوتی وہ ایسی باتیں نہ کرتے، لطیفہ یہ ہے کہ ہیلی کاپٹر کا کرایہ لگا رہے ہیں کہ اتنے گھنٹے کرائے کا ہیلی کاپٹر اڑے گا تو کتنا کرایہ ہو گا۔بہرحال اب عمران آپ کے گٹے گوڈوں میں بیٹھ گیا ہے الیکشن کرا ئواور گھر جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈحکو مت نامنظور۔اپنے ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی، اب جب مریم بی بی نے عدالت میں درخواست دی کہ میں نے عمرہ پر جانا ہے عدالت پاسپورٹ دے تب جا کے اس اردو محاورے کے معنی اور وسعت سمجھ آئی۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہاکہ ا سلام آباد ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے فیصلہ درست ہے، لاہور کی ایف آئی اے عدالت بھی اسلام آبادہائیکورٹ کی تقلید کرے اور شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کو براہ راست دکھایا جائے،ان کی ضمانت کی تاریخ آنیوالی ہے اس پر ہی اس فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔