تین وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت نے حلف اٹھا لیا


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی کابینہ میں توسیع کردی گئی، تین وفاقی وزرء اور ایک وزیر مملکت نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

تینوں وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں حلف لیا۔

اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔ حلف اٹھانے والے وفاقی وزراء میں (ن)لیگ سے میاں جاوید لطیف، (ق)لیگ سے چوہدری سالک حسین اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)کے آغا حسن بلوچ شامل ہیں جبکہ محمد ہاشم نوتیزئی نے وزیر مملکت کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

تقریب میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)کے سربراہ سردار محمد اختر جان مینگل، رکن قومی اسمبلی سردار محمد اسلم بھوتانی، چوہدری شافع حسین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔