ملک میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ آزمودہ چہرے اور فرسودہ نظام ہے۔میاں محمد اسلم


اسلام آباد (صباح نیوز ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں مصنوعی طور پر جنم دی جانے والی نام نہاد جمہوری حکومتیں مکمل طور پر فیل ہو چکی ہیں،ملک میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ آزمودہ چہرے اور فرسودہ نظام ہے، جماعت اسلامی نئے اور پرانے چوروں کے خلاف ہے، ہم نہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، نہ پی ڈی ایم کے ساتھ، انھوں نے کہاجماعت اسلامی انتخابات میں اپنے جھنڈے، اپنے نشان اور اپنے منشور کے تحت حصہ لے گی ، انھوں نے کہا ہمارا مستقل موقف ہے کہ چہروں کی تبدیلی کا کھیل عوام کے لیے فائدہ مند نہیں، جب تک نظام نہیں بدلا جاتا حالات جوں کے توں رہیں گے،ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ سے ہی قوم کو مسائل سے چھٹکا رہ مل سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہا ر انھوں نے جھنگی میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت اتحاد العلماء پنجاب کے صدر مولانا امیر عثمان ، ناظم زو ن عزیز رحمن ، گروپ لیڈر دائود بٹ نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا رمضان المبارک میں مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی انتہائی مشکل ترین حالات میں گزر اوقات کر رہا ہے۔ سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی، دالوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ ملک میں معاشی بحران کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے، وزیراعظم اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں پچاس فیصد کمی کریں، بجلی، گیس، پٹرول پر ٹیکسز ختم کیے جائیں، آئی ایم ایف سے پی ٹی آئی دور حکومت میں کیے گئے معاہدے غلامی کی زنجیرہیں، اتحادی حکومت ان معاہدوں پر نظرثانی کرے

میاں محمد اسلم نے کہا عوام سے اپیل ہے کہ وہ آزمائے ہوئے چہروں کو مستردکرے اور جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دے۔