وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا


اسلام آباد(صباح نیوز) وزارت قانون و انصاف میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے پہلے ہی اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا۔ کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ہوا جس میں مفتاح اسماعیل کا نام ون ٹائم کے لیے ای سی ایل سے خارج کر دیا گیا۔ مذکورہ فیصلے کے بعد مفتاح اسماعیل کو بیرون ملک جانے کی اجازت ہو گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  اجلاس میں نیب کی جانب سے ڈالنے گئے سیاسی افراد بشمول وفاقی وزرا کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غور اور مشاورت کی گئی۔ کمیٹی ای سی ایل میں شامل ناموں اور طریقہ کار کا جائزہ لے رہی ہے کہ اہم سیاسی شخصیات کے نام ای سی ایل میں کیسے ڈالے گئے جس کے بعد کمیٹی سفارشات تیار کر رہی ہے۔

کمیٹی وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کے نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے اسباب کا بھی جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔اجلاس میں وفاقی وزرا سردار ایاز صادق، نوید قمر، مولانا اسد محمود شریک سمیت دیگر نے شرکت کی۔