چین نے پاکستان سے 1 کروڑ ڈالر کے چلغوزے درآمدکر لئے


بیجنگ(صباح نیوز) چین نے پاکستان سے1 کروڑ ڈالر کے چلغوزے درآمدکر لئے ہیں۔ عوامی جمہوریہ چین کی کسٹمز کی جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے سی سی)کے مطابق چین نے رواں سال کے پہلے دو مہینوں میں پاکستان سے چلغوزے درآمد کیے ہیں جن کی مالیت 17 اعشاریہ 67 ملین امریکی ڈالر ہے

سال 2022 کے پہلے دو مہینوں میں چین نے 17 اعشاریہ 67 ملین ڈالر مالیت کے 1,606 اعشاریہ51 ٹن چلغوزے درآمد کئے۔ مجموعی طور پر چین نے 42 اعشاریہ 35 ملین ڈالر کے چلغوزے درآمد کیے ہیں جن میں سے 42 فیصد پاکستان سے درآمد کیے گئے۔

چین میں مقیم پاکستانی تاجر عبداللہ آفریدی کا بتانا ہے کہ پاکستانی چلغوزے چین میں بہت مقبول ہیں کیونکہ یہ بہت خوش ذائقہ ہوتے ہیں۔

پاکستان میں چلغوزوں کو رائل ڈرائی فروٹ سمجھا جاتا ہے اور لوگ اسے سردیوں میں کھانا پسند کرتے ہیں لیکن ان کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے صرف امیر لوگ ہی برداشت کر سکتے ہیں۔