پرویز الٰہی اور عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے تقدس کو پامال کیا، خواجہ آصف


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اور عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے تقدس کو پامال کیا،پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر پر تشدد کیا گیا ہے۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجہ پرویز اشرف نے وزیر اعظم کے طور پر بہترین وقت گزارا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے سپیکر اپنی غیر جانبداری کو یقینی بنائیں گے، یہ ایوان قانون اور آئین کا احترام کرے گا تو تمام ادارے احترام کریں گے، پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر پر تشدد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی اور عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے تقدس کو پامال کیا، گزشتہ چار سال میں بڑھتے تشدد کے رجحان کو روکنا ہوگا، اس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی تشدد کا رجحا ن ختم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں، اس ایوان کو ڈپٹی سپیکر پر تشدد کی مذمت کرنی چاہئے، پرویز الٰہی نے گجرات کے غنڈے پنجاب اسمبلی میں بھرتی کیے ہیں۔