شہبازشریف کا امیر قطر اور نائب امیر کی طرف سے تہنیتی پیغام پراظہار تشکر


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے امیر قطر اور نائب امیر کی طرف سے تہنیتی پیغام پر تشکراور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قطراور پاکستان بھائی ہیں جو اخوت، اسلامی بھائی چارے کے عظیم رشتوں میں بندھے ہیں۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے کہا کہ قطر بڑی تعداد میں پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے پاکستان کی ہرمشکل اور آڑے وقت میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے مدد کی ہے جس کی ہم بے حد قدر کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور قطر کے تعلقات کو نئی بلندیوں اور قربتوں سے ہمکنار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قطر نے سستی ترین ایل این جی فراہم کرکے پاکستان کو روشن بنانے میں ناقابل فراموش مدد کی ہے۔

قبل ازیں امیر قطر نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر نیک تمنائوں کے پیغام بھیجا۔قطر کے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد آل ثانی اور نائب امیرشیخ عبداللہ بن حمد کی وزیراعظم شہبازشریف کو منصب سنبھالنے پرمبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں ۔

اس کے علاوہ قطر کے وزیراعظم خالدبن خلیفہ بن عبد العزیز آل کی جانب سے بھی شہبازشریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔