اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں مدد کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساغر نے ا قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے رہنماؤں کے نام ایک خط میں انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیری قیدیوں کی حالت زار اور اختلاف رائے کے جمہوری حق کو دبانے کیلئے بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے ۔
خط میں بھارتی حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاگیا ہے جہاں پرامن اجتماع کا حق، اظہار رائے کی آزادی اور پرامن احتجاج جیسے بنیادی حقوق پر قدغن عائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 سے بھارتی حکومت نے ہزاروں کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات کے تحت گرفتارکررکھا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی اور نعیم احمد خان بدنام زمانہ کالے قوانین کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق گروپوں کو ان کے سرگرمیوںاور اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کی وجہ سے انتقانی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب نہ کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری سول سوسائٹی اور سیاسی کارکنوں کی جبری گرفتاریاں مقبوضہ کشمیرمیں اختلاف رائے کے جمہوری حق کو دبانے کے بھارتی حکومت کی جابرانہ پابندیوں کی مہم کا واضح ثبوت ہے ۔ محمود احمد ساغر نے واضح کیاکہ بھارتی حکومت کشمیر میں قبرستان کی خاموشی اوراختلاف رائے کی ہر آواز کو دبانے کیلئے عدلیہ اور دیگر جابرانہ ریاستی مشینری استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ایک بھارتی عدالت نے شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماؤں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت فردجرم عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بندسینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی حالت زار کواجاگر کرتے ہوئے کہاکہ شبیر شاہ متعددعارضوں میں مبتلا ہیں اور جیل میںعلاج معالجے کی مناسب سہولت فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔
انہوں نے عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ شبیرشاہ اور دیگر کشمیری سیاسی نظربندوں کی جلد رہائی کے لیے بھارت پر دباؤبڑھائیں۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک الگ خط میں محمود احمد ساغر نے کشمیریوں کے نصب العین اور انکی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کرنے اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔