نازیبا ریمارکس کیس’فواد چوہدری ،اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس، سماعت 16 نومبر تک ملتوی


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات اور نازیبا ریمارکس سے متعلق کیس میں شوکاز نوٹس جاری کردیئے ۔

بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے رکن نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل دو رکنی بینچ فواد چوہدری اور اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر الزامات اور نازیبا ریمارکس سے متعلق معاملے کی سماعت کی، اعظم سواتی کے معاون وکیل محمد زبیر کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جب کہ فواد چوہدری کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔اعظم سواتی کے معاون وکیل محمد زبیر نے کہا کہ سینئر وکیل علی ظفر مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوئے، گذشتہ روز اعظم سواتی ذاتی طور پر پیش ہوئے، راستے بند ہیں ، ہم بھی بہت مشکل سے الیکشن کمیشن پہنچے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے کہ اعظم سواتی کو دو نوٹس دیئے گئے ہیں ، اعظم سواتی کو ایک نوٹس فواد چوہدری کے ساتھ ، دوسرا بابر اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پر جاری کیا تھا، یہ اعظم سواتی کو دیا گیا دوسرا نوٹس ہے، گزشتہ روز پہلے نوٹس کی سماعت تھی، اعظم سواتی کو آج کے کیس میں بھی شو کاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کے ساتھ فواد چوہدری کو بھی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔