او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں وکشمیر کا وفد کے ہمراہ مظفرآباد کا دورہ


راولپنڈی(صباح نیوز)او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں وکشمیر نے وفد کے ہمراہ مظفرآباد کا دورہ کیا ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر، سفیر یوسف الدوبے اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل(انسانی امور)، سفیر طارق علی بکیت نے نے برادر مسلم ممالک بشمول سعودی عرب ، مراکش، سوڈان اور مالدیپ کے پانچ سینئر سفارت کاروں سمیت اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ مظفرآباد کا دوروزہ دورہ کیا۔وفد نے تھوتھا ریفیوجی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے فرار ہونے والے باشندوں کی سماجی اقتصادی بہبود کے لیے اٹھائے گئے وسیع اقدامات کے بارے میں بتایاگیا۔

مندوبین نے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور مہاجرین سے بات چیت کی۔بعد ازاں وفد نے بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ سے ملاقات کی جہاں انہیں ایل او سی  اور موجودہ صورتحال پر سکیورٹی مانیٹرنگ میکنزم سے آگاہ کیا گیا۔

دورے کے دوران وفد نے صدر اور وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سے ملاقات کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی۔وفد نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ انہیں  آزاد جموں وکشمیر کا دورہ کرنے اور ایل او سی  کے اطراف کی صورتحال اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے اثرات کے دیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔