نئی دہلی:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں تقریباً 26.42 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ وہیں بھارت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تیل کمپنیوں نے گزشتہ سات دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 6 بار اضافہ کیا ہے۔
سوموار کو بھی پٹرول 30 پیسے اور ڈیزل 35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔ پیر کو نئی قیمتوں کے مطابق دہلی میں پٹرول 99.41 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 90.77 روپے فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔
ممبئی میں پٹرول 114.08 روپے اور ڈیزل 98.48 روپے فی لیٹر فروخت ہو گا۔وہیں کئی ایجنسیوں اور تیل کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اگلے 15دنوں تک اضافہ ہوتا رہے گا۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں فروری کی بلند ترین سطح 140 ڈالر فی بیرل سے گر کر 103 ڈالر تک پہنچ گئی ہیں
بھارتی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے ہنگاموں کے باعث معمول کی کارروائی بھی معمول کے مطابق نہ چل سکی۔
اس رپورٹ کے مطابق ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں میں روز افزوں اضافے، ٹریڈ یونینوں کی ہڑتال اور دلتوں پر زیادتی کے خلاف ضابطہ دو سو سڑسٹھ کے تحت بحث کا مطالبہ کیا جسے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے مسترد کردیا جس کے بعد اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی اور ہنگامہ شروع کردیا۔ اپوزیشن کی نعرے بازی اور ہنگاموں کے نتیجے میں چیئرمین نے ایوان کی کارروائی معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے بعد، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ روزانہ کی بنیاد پر اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔دہلی میں پیٹرول کی قیمت تیس پیسے کے اضافے کے ساتھ ننانوے روپے اکتالیس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت پینتیس پیسے کے اضافے کے ساتھ نوے روپے ستتر پیسے فی لیٹر ہوگئی۔