ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والا وزیراعظم 31مارچ تک بے روزگار ہوجائے گا،سراج الحق


پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والا وزیراعظم 31مارچ تک بے روزگار ہوجائے گااور وہ نعرہ لگائے گا کہ ان کو کیوں نکالا ۔ بلدیاتی انتخابات میں تبدیلی سرکار کا جنازہ دیر سے نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  تیمرگرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ حکومت اپنی آئینی اور قانونی حیثیت کھوچکی ہے اور موجودہ حکومت عملاً ًختم ہوچکی ہے۔حکومت اگر چار سال کے دوران بہترکارکرگی دکھاتی توآج حکومت کو جلسوں کی ضرورت نہیں پڑتی ۔حکومت سرکاری وسائل پر جلسے کررہی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ وزیراعظم کے چاروں طرف آٹا،چینی،کھاد، پٹرولیم مافیا موجود ہے اور وزیراعظم خود قابل احتساب بن چکا ہے ۔وزیراعظم نے احتساب کے نام پر عوام دھوکہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے حوالے کردیا اور غریب عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے خود کشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں ۔جماعت اسلامی اللہ تعالی کی زمین پر اللہ تعالی کا نظام چاہتی ہے اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہدجاری رکھے گی۔ انڈوں،مرغیوں اور بھینسوں سے معیشت نہیں چلائی جا سکتی اس کے لئے تجربہ درکار ہوتا ہے ۔تمام جماعتوں نے اقتدارکے مزے لئے لیکن عوام کے مسائل حل نہیں کئے ۔ملک کے مسائل کا واحد جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔پاکستان میں دو نظام ہیں۔ غریب کیلئے الگ اور طاقتور کیلئے الگ نظام ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرکے دم لیں گے ۔عمران خان کی حکومت کی اننگز جلد ختم ہونی والی ہے۔ عمران خان 31 مارچ کے بعد بے روزگار ہو جائیگا۔عمران خان بہت جلد مجھے کیوں نکالا کا نعرہ لگائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر جماعت اسلامی کو ایک دن بھی حکومت ملی تو ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کرکے اسلامی شریعت نافذ کریں گے۔عوام نے ایک بار جماعت اسلامی کو بھی موقع دیں۔ملک پر مافیاز کی حکومت ہے ۔جماعت اسلامی ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی۔جلسے سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان ، لوئیر دیر کے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری نے بھی خطاب کیا۔