راولپنڈی(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کو تحفظات ہیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کا حامی تھا، سب سے مذاکرات ہونے چاہئیں، ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے میں شامل ہوں، میرے دستخط ہیں، تحریک لبیک کے ساتھ حالیہ معاہدہ میں شریک نہیں تھا، جب لفافہ کھلے گا تو پتہ چل جائے گا کیا معاہدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں مختصر عرصے کے دوران خواتین کے 3 کالج بنائے، جب فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تو مجھے استعفیٰ دینا پڑا، راولپنڈی میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی، ہم نے 20 سال کی پلاننگ کی، 3 یونیورسٹیاں، 7 کالج شامل ہیں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میرا فائنل تو اسی دن ہوگیا تھا جس دن پاکستان نے بھارت کو ہرایا تھا، میرے جملے پر ہندوستان نے 6 دن سے مجھ پر پروگرام کئے، سارے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ میری دعائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کو تحفظات ہیں، سپیکر قومی اسمبلی نے جوائنٹ سیشن موخر کرنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا، عمران خان 5 سال پورے کریں گے، اپوزیشن 3 سال سے ٹی وی میں ہی پھنسی ہوئی ہے۔