اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کے لیے موجود ہے۔
فواد چوہدری کی جانب سے ایک بیان کہا گیا اس وقت پاکستان کا تمام میڈیا پریڈ گراؤنڈ میں کوریج کے لیے موجود ہے، امربالمعروف جلسے کی عالمی کوریج ہو رہی ہے، بین الاقوامی میڈیا کے بھی 43 سے زیادہ نمائندے پریڈ گراؤنڈ جلسے کی کوریج کے لیے موجود ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے تمام ورکرز سے اپیل کرتا ہوں کہ میڈیا کارکنوں، رپورٹرز اور عملے کو کام میں سہولت دیں، دنیا کو میڈیا کی آنکھ نے ہی یہ عظیم جلسہ دکھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام میڈیا چینلز اور ورکرز ہمارے لیے سر آنکھوں پر ہیں، جمہوریت کا حسن یہ بھی ہے کہ ہم تنقید بھی برداشت کریں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ انتظامیہ نے نجی ٹی وی چینلز کو جلسے کی کوریج سے روک دیا ہے اور تمام نجی ٹی وی چینلز کی ڈی ایس این جیز کو جلسہ گاہ سے ہٹانے کا کہہ دیا ہے۔