عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی استعماری ایجنڈے کا نوٹس  لے،مقررین


اسلام آباد(صباح نیوز ) کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اور ورلڈ مسلم کانگریس کے زیر اہتمام ایک ویبینار میں مقررین نے عالمی برادری پر زور دیاہے کہ وہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارت کے استعماری ایجنڈے کا سنجیدگی سے نوٹس لے جو ہر طرح سے کشمیریوں اور انکے وسائل کو کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے۔

این ایچ سی آر کے49ویں اجلاس کے موقع پرمنعقد کیے جانے والے ویبنار میں مصنف اور صحافی رابرٹ فاتینا ، ڈائریکٹر سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیزسید محمد علی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قائم مقام ڈین ڈاکٹر اویس بن وصی ، یوتھ فار کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد قریشی سمیت انسانی حقوق کے ممتاز کارکنوں، بین الاقوامی قانون کے ماہرین، ماہرین تعلیم اور دیگر نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے کی۔

مقررین نے اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ خطے جموں و کشمیر میں آبادی کاری کے نوآبادیاتی بھارتی ایجنڈے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تعمیر و ترقی کے نام پر علاقے کو مزید نوآبادیاتی بنایا گیا۔

انہوں نے5 اگست 2019 کے اقدام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے سیاسی، ثقافتی اور قومی تشخص کو مٹانے کے لیے پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت ریاستی آلات کو بے شرمی سے استعمال کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنا بھارت کی مقبوضہ علاقے کو نوآبادیاتی بنانے کی طویل تاریخ کا ایک اور قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آباد کاری کے بھارتی استعماری ایجنڈے کا مقصد نام نہاد ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر کشمیریوں کی مزاحمت کو کچلنا ہے۔ویبنار کے مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی سازشوں اورچالوں کا موثر نوٹس لے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپناکردار ادا کرے