لکی مروت ، وین پر فائرنگ، اے ایس آئی سمیت 4 اہلکار شہید


لکی مروت(صباح نیوز) لکی مروت میں نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کردی ،اے ایس آئی سمیت 4اہلکار شہید ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں میانوالی روڈ پر واقع زین الدین فلنگ اسٹیشن کے قریب نامعلوم افراد پولیس کی گشتی ٹیم پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ اہلکاروں کی لاشیں سٹی ہسپتا ل لکی مروت منتقل کردی گئیں جہاں ان کی شناخت اے ایس آئی یعقوب خان، کانسٹیبل مستقیم پہاڑ خیل ،کانسٹیبل انعام عیسیٰ خیل اور ڈرائیور رحیم اللہ ناورخیل کے ناموں سے ہوئی۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔

پولیس کے مطابق علاقے میں حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔شہیدوں کی نماز جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں اداکی گئی۔