لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سینٹرل بورڈ آف مینجمنٹ کاخصوصی اجلاس الخدمت کمپلیکس میں منعقد ہوا۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں میں سابقہ اجلاس کی کاروائی کی توثیق اور عمل در آمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں قومی و بین الاقو سطح پر انسانی بنیادوں پر پیش آنے والے مختلف چیلنجز کے حوالے سے موضوعات زیر بحث آئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لئے کوشاں ہے اور ملک میں یہ تبدیلیاں تب ہی آسکتی ہیں جب ہمارے جذبے سچے ہوں اور ہم رضائے الٰہی کی خاطر دوسروں کو اپنی ذات سے فائدہ پہنچانے کے لئے پرعزم ہوں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اپنی سماجی خدمات کا دائرہ کار ملک کے کونے کونے تک پہچانے کا عزم رکھتی ہے۔ اجلاس میں آفات سے بچاؤ، صحت، تعلیم، صاف پانی، کفالتِ یتامیٰ، مواخات اور سماجی خدمات پروگرام سمیت ریسورس اینڈ موبلائزیشن ، میڈیا اینڈ مارکیٹنگ ، ہیومن ریسورس اینڈ ریسرچ ، فنانس اینڈ اکاؤنٹ اور والنٹیر مینجمنٹ پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی منصوبہ بندی پیش کی گئی۔
سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسا ن اللہ وقاص،نائب صدر محمد مشتاق مانگٹ، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹرخبیب بلال،اکرام اللہ سبحانی اور دیگر ذمہ داران بھی اس موقع پرموجود تھے۔