اسلام آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما اور مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے سابق رکن مولانا غلام نبی نوشہری نے اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی )کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت اور یکجہتی کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اب اسلامی تعاون تنظیم قراردادوں اور بیانات سے آگے بڑھ کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے عملی اقدامات کرے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا غلام نبی نوشہری نے کہا کہ اہل کشمیر او آئی سی کے شکرگزار ہیں کہ ایک بار پھر کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کی گئی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت انہیں حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ او آئی سی کے اس اقدام سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور انہیں اچھا پیغام ملا ہے۔
مولانا غلام نبی نوشہری نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے قتل عام بند ہو، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ہو۔ اس سلسلے میں او آئی سی کو ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے ہوںگے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نصف صدی سے حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ کشمیریوں کی حمایت عملی دور کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ قراردادوں اور بیانات سے بھارت سے کوئی اثر آج تک قبول نہیں کیا۔ چین نے بھارت کے ساتھ تنازعے کے حل کے لئے بیانات سے بڑھ کر عسکری قوت کا استعمال کیا اور بھارت کو پسپا ہونے پر مجبور کیا ہے۔ ایسے ہی اقدامات بھارت کے ساتھ بھی ہونے چاہئیں۔
مولانا غلام نبی نوشہری نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان اور اسلامی دنیا کو اسی طرح کی سوچ کے ساتھ ڈیل کرنا ہو گا۔