اجلاس ملتوی ہونے کا مطلب ہے کالے قوانین پر حکومت کو شکست ہوچکی، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے سے متعلق بیان کے ردعمل میں کہا ہے  کہ مشترکہ اجلاس ملتوی ہونے کا مطلب ہے کہ کالے قوانین پر حکومت کو شکست ہوچکی ہے۔

اپنے بیا ن میں انہوں نے کہا کہ اپنے ارکان اور اتحادیوں کے عدم اعتماد کے بعد وزیر اعظم عمران خان کو مستعفی ہوجانا چاہیے اور مشترکہ اجلاس کو ملتوی کرکے عمران خان نے یوٹرن کی اپنی روایت قائم رکھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشترکہ اجلاس جلد بازی میں بلانے اور پھر عجلت میں ملتوی کرنے سے حکومت کی غیرسنجیدگی عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی جیسے حساس اور سنجیدہ معاملے کو بچوں کا کھیل بنادیا گیا ہے اور محسوس ہوتا ہے کہ گزشتہ روز کی شکست نے حکومت کو اجلاس ملتوی کرنے پر مجبور کیا ہے۔

علاوہ ازیں سلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کی ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کیا کہ بھاگ گئے! فواد چوہدری صاحب ہمت کرکے سچ کہیں، نمبر پورے نہیں ہوئے، اتحادی تو کیا اپنے ارکان بھی ووٹ دینے کو تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈوبتی کشتی سے چھلانگیں لگانے کا آپ کا وقت ہوا چاہتا ہے، اپوزیشن سے بات چیت اور اتفاق رائے پیدا کرنے کی بات آپ کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے بعد یاد آئی ہے؟