کوئٹہ(صباح نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں،بی اے پی کے وفاقی نمائندوں کو بلوچستان کیلئے جو ٹھیک لگے وہ فیصلہ کریں۔
کوئٹہ میں وزیراعلی بلوچستان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناراض بلوچوں کو قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں، ریکوڈک معاہدہ سے متعلق پریس کانفرنس کروں گا جس میں معاملات پر بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تحریک عدم اعتماد ایک دن بعد آئے یا سو دن بعد مجھے فرق نہیں پڑتا، مجھے افسوس ہے رکن اسمبلی ظہور بلیدی ہمارے اچھے ساتھی تھے انہیں غلط نہیں کہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی تھریٹس کو جوتے کی نوک پر رکھتاہوں زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، وفاق میں عدم اعتماد کے حوالے سے فیصلہ کا اختیار بی اے پی کے ارکان قومی اسمبلی کو دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی اے پی کے وفاقی نمائندوں کو بلوچستان کیلئے جو ٹھیک لگے وہ فیصلہ کریں۔