بھمبر(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن آزادکشمیرکے زیراہتمام کفالت یتامیٰ کے لیے ضلع بھمبر میں دو ڈونرز کانفرنسز میں مجموعی طورپر 7کروڑ روپے کے عطیات جمع ہوئے،ترکی، غزہ اور افغانستان میں الخدمت امدادی سرگرمیاں کر چکی ہے،الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت،ڈیزاسٹر منیجمنٹ، صاف پانی،مواخات اور دیگر سماجی خدمات سر انجام دے رہی ہے ،آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے لیے ایک کروڑ تیئس لاکھ روپے جبکہ آغوش ہوم کے لیے 5 کروڑ مالیت کی 10 کنال زمین کے عطیات دیئے گئے
برنالہ اور بھمبر میں ڈونرز کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر میاں عبدالشکور نے کہاکہ بھمبر کے عوام نے ہمیشہ انفاق کا مظاہرہ کیا ہے اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا
انھوں نے کہا الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت،ڈیزاسٹر منیجمنٹ، صاف پانی،مواخات اور دیگر سماجی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ملک بھر میں 32 ہزار سے زائد رضاکار الخدمت سے وابستہ ہیں جو کسی بھی ڈیزاسٹر کے موقع پر جان ہتھیلی پر رکھ کر ریسکیو کا کام کرتے ہیں، مختلف اضلاع میں الخدمت کے ڈیزاسٹر سنٹرز قائم ہیں جو کسی بھی مشکل وقت میں فعال کیے جاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور افراد اپنی آواز اٹھاتے ہیں لیکن یتیم وہ محروم و مظلوم طبقہ ہے جس کی کوئی آواز نہیں۔ الخدمت نہ صرف ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی محروم و محتاج طبقات کی مدد کرتی ہے، ترکی، غزہ اور افغانستان میں الخدمت امدادی سرگرمیاں کر چکی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ضلع بھمبر میں آخری یتیم تک پہنچا جائے تاکہ کوئی یتیم بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔
تقریب سے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان، سیکرٹری جنرل آفتاب عالم ایڈووکیٹ، ڈائیریکٹر آرفن کیئر پروگرام کموڈور ریٹائرڈ محسن مرزا، صدر الخدمت ضلع بھمبر ڈاکٹر عبد الرحمن نے بھی خطاب کیا اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔