الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان


لاہور (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات این اے 133لاہور اور پی پی 206 خانیوال کے لئے پوسٹل بیلٹ پیپر وصول کرنے کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔

ضمنی انتخاب حلقہ این اے 133لاہور کیلئے پوسٹل بیلٹ درخواست کی آخری تاریخ 19نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ حلقہ پی پی 206خانیوال کیلئے یکم دسمبر تک درخواستیں جمع کرائی جا سکیں گی۔

پوسٹل بیلٹ پیپر کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرنے  کی سہولت  ان افراد کو میسر ہے جوسرکاری ملازمین، مسلح افواج کے اراکین ہیں، اور انکے بیوی اور بچے،جو اپنے حلقے کے علاوہ کہیں اور رہائش پذیر ہیں۔

علاوہ ازیں جیل میں موجود قیدی اور ایسے معذور افراد بھی پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کے اہل ہیں جو نادرا کے لوگو والے شناختی کارڈ کے حامل ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے تعینات کردہ تمام پولنگ اسٹاف بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کر نے کے اہل ہیں۔

پوسٹل بیلٹ وصول کرنے کیلئے درخواستیں متعلقہ فارم پر ریٹرننگ آفیسر کو بذریعہ ڈاک بھجوائی جا سکتی ہیں۔ پوسٹل بیلٹ درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹwww.ecp.gov.pk سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔