وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ نے ملاقات کی،ملاقات میں وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔وزیراعظم نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات قریبی برادرانہ تعلقات، تاریخی روابط اور مجموعی سطح پر تعاون پر مبنی ہیں۔وزیر اعظم نے اکتوبر 2021 میں اپنے دورہ سعودی عرب کو یاد کرتے ہوئے تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے اسلامی تعاون کی تنظیم کو اسلامی دنیا کے مقاصد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم میں آگے بڑھانے کے لیے مملکت کے قائدانہ کردار کو سراہا۔عالم اسلام کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے امت کو درپیش بے شمار چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں افغانستان اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال زیر بحث آئی۔وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے منصفانہ کاز کے لیے مملکت کی مستقل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔شہزادہ فرحان نے اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی