اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے عراق کے وزیر خارجہ حسین نے ملاقات کی، مختلف علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ ساتھ امت اسلامیہ کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کیا۔عمران خان نے نے کہا کہ ان تعلقات کی جڑیں مشترکہ عقائد، مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں میں گہرے ہیں۔وزیراعظم نے عراق کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔انہوں نے عراق کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔عمران خان نے چیلنجز پر قابو پانے اور ملک کی تعمیر نو کی کوششوں میں خاص طور پر عراقی عوام کی لچک کو سراہا۔وزیر اعظم نے وزیر خارجہ حسین سے مختلف علاقائی اور عالمی امور کے ساتھ ساتھ امت اسلامیہ کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے دنیا بھر میں مسلمانوں اور اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔