بجلی کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ قابل مذمت،جاوید قصوری


لاہور ( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے ظلم کی انتہا کی کردی ہے۔

پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایک ہفتے کے دورنا بجلی کے نرخوں میں دوسری بار اضافہ قابل مذمت ہے۔ بجلی کی قیمت 2.52روپے فی یونٹ اضافے سے صارفین پر 30ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔حکومت نرخوں میں 52فیصد تک اضافہ کرچکی ہے۔

تبدیلی کے دعویداروں نے بے حسی کی آخری حدیں بھی عبور کرلی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منصورہ میں ذمہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حکومت کو اکثریت ثابت کرنے میں ناکامی ، حکمرانوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے ۔

حکومت کے اپنے لوگ اور اتحادی بھی تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آتے۔ پاکستان سنگین بحرانوں کی زد میں ہے جو کہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی اور نا تجربہ کاری کے باعث درپیش ہیں۔

جب تک تحریک انصا ف کی حکومت کو گھر نہیں بھیج دیا جاتا اس وقت تک معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں کو عوام کے دکھ، درد کا کوئی احساس ہی نہیں۔ ملک و قوم کو درپیش حالات پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوںگے۔

ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کرنے والوں نے ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تین سال گزرنے کے باوجود وفاقی حکومت کے ماتحت پچاس سے زائد ادارں اور کمپنیوں کے سربراہان کی تقرری کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا۔ متعلقہ ادارے سربراہان کے بغیر کام کررہے ہیں۔