اسلام آباد (صباح نیوز) سیکریٹری جنرل اوآئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے، وزیرمملکت فرخ حبیب اورعلامہ طاہراشرفی نے معززمہمان کا استقبال کیا۔
اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے کل شروع ہونے والے اہم ترین اور تاریخی اجلاس میں شرکت کیلئے معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع جاری ہے۔
سیکرٹری جنرل اوآئی سی اور صدراسلامک ڈویلپمنٹ بینک اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے، وزیرمملکت فرخ حبیب اورعلامہ طاہراشرفی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پرفرخ حبیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پورے پاکستان کی طرف سے ہم سیکرٹری جنرل کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، او آئی سی اجلاس کی میزبانی مسلم امہ کے درمیان مضبوط تعاون کی تعمیر اور فروغ کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے اسلاموفوبیا کی قرارداد منظورکی، وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے خلاف جنگ لڑی۔گذشتہ روز اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر کے وزیرخارجہ سامع شکری اسلام آباد پہنچے تھے ، ایئرپورٹ پر علامہ طاہراشرفی نے معزز مہمان کا استقبال کیا، اس موقع پر مصر کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا یہ دورہ خصوصی اہمیت کاحامل ہے، دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔