ترازو کی کامیابی ہی نظام عدل کی کامیابی ہے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ لوٹ مار اورلوٹوں کی سیاست نے ملک وقوم کا عزت وقارمجروح اورمسائل میں اضافہ کیاہے۔عدم اعتماد تحریک آئینی وقانونی مسئلہ ہے جوپارلیمنٹ میں ہی حل ہونا ہے۔جس پرآئین کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہئے۔افراتفری ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہوگا۔اپوزیشن وموجودہ حکومت دونوں آزمائے ہوئے ہیں،ملکی معیشت ڈوب رہی ہے ،باربار ٹیکسوں کی بھرمار سے مہنگائی میں اضافہ اورعوام پرمعاشی بوجھ بڑھ رہا ہے ۔ترازو کی کامیابی ہی نظام عدل کی کامیابی ہے۔ عوام نے ہمیں موقع دیا توان کو دہلیز پرانصاف دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوباڑو میں منعقدہ اجتماع ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی،امیرضلع گھوٹکی تشکیل احمد ،جے آئی یوتھ سندھ کے صدر محمد حسن کھوسہ،مولانا یوسف مزاری اورڈاکٹر عبدالرزاق کھوسہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہاکہ قوم اقامت دین کی جدوجہد اورملک میں مثبت تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ،اسلام کا معاشی عدالتی اور سیاسی نظام کو بھرپور طریقے سے نافذکریں گے۔آج حق کے غلبے کی خاطر باطل نظام سے ٹکرانے کی ضرورت ہے۔صوبائی امیرنے ارکان جماعت پرزور دیتے ہوئے کہاکہ نہ صرف اپنی ذات بلکہ پوری دنیا میں اسلامی نظام قائم کرناہی ہماری زندگی کا نصب العین ہونا چاہئے۔