افغانستان کے چار شہروں میں یتیم بچوں کے لیے آغوش کے نام سے تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے ۔ پروفیسر محمد ابراہیم


لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان کی قیادت میں جماعت اسلامی پاکستان کے وفد کا چار روزہ  دورہ کابل مکمل ہوگیا ہے ۔ اس دورے کے دوران  وفد نے ، افغانستان حکومت کے وزرا اور آفیشلزسے ملاقاتیں کیں۔

جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی۔ وفد میں ڈائیریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی ،نائب امیر صوبہ بلوچستان ڈاکٹر عطا الرحمن شامل تھے ۔وفد نے افغانستان کے وزیر برائے لواحقین شہداء و معذورین ملا عبد المجید اخوند،ھلال احمر افغانستان کے وزیر مولوی مطیع الحق اور وزیر برائے امور مہاجرین حاجی ارسلا خان خروٹی سے ملاقات کی۔

افغانستان کے وزرا اور آفیشلز نے جماعت اسلامی کی قیادت اور منسلکہ اداروں الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا ۔افغان وزرا نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مشکل وقت میں افغان عوام کا ساتھ دیا ہے افغانوں کی جدو جہد آزادی کو تقویت فراہم کی ہے اور رفاہی سر گرمیوں کے ذریعے لا چار افغان عوام تک امداد پہنچائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفسیر محمد ابراہیم نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس وقت تک 30 کروڑ مالیت کا سامان 130 ٹرکوں میں افغانستان بھیجا ہے ۔نیز جماعت اسلامی کے ادارے جلال آباد،قندھار،ھیرات اور مزار شریف کے مقامات پر یتیم بچوں کے لیے تعلیمی ادارئے ،،آغوش،،قائم کریں گے اور چار شہروں میں چار اسپتالوں کے استحکام کی ذمہ داری لیں گے۔بچوں کے دل کے آپریشنز کرنے کے لیے ایک اسپتال میں خصوصی انتظام کیا جا رہا ہے۔

پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ دینی،تہذہبی  اور ثقافتی رشتے ہیں اور ہم افغان عوام کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔