سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے معزور افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔جموں و کشمیرہینڈی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینر تلیمعذور افراد کی ایک بڑی تعداد سرینگر میں پریس کلب کے باہر جمع ہوئی اور طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات کو حل نہ کرنے پر قابض حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
انہوں نے انتظامیہ کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔انہوں نے کہاکہ تمام ریاستیں معذور افراد کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تعمیری اسکیمیں فراہم کررہی ہیںلیکن جموں و کشمیر کی حکومت یہاں ایسے لوگوں کو امداد اور فلاحی اسکیمیں فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید بٹ نے معذور افراد کے لیے پنشن، محکمہ سماجی بہبود کے ذریعے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے تعمیری اسکیمیں متعارف کرانے، معذوری ایکٹ 2016 کے تحت پہلے سے تشکیل شدہ ماہرین کی کمیٹی اور ایڈوائزری بورڈ میں معذورافرا کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہ کیا گیا تو ہم 3 دسمبر معذوری کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طورپر منائیں گے اور جموں اور سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور معذور افراد کے لیے اسکیموں کو بلا تاخیر نافذ کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کے ایک اور رکن اجے شرما نے کہا کہ حکام معذور افراد کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اور ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔