کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ ملک میں ہونے والی سیاسی ہلچل سے قوم کو مثبت تبدیلی کی امید بندھی ہے لیکن عوام حکومت واپوزیشن کی عملی کارکردگی سے مایوس اورجماعت اسلامی کو نجات دہندہ سمجھتی ہے۔جماعت اسلامی کی مخلص واہل قیادت ہی عوام کو مہنگائی و غیروں کی غلامی سے نجات اورملک میں خوشحالی لاسکتی ہے۔
امیرجماعت سراج الحق کی اپیل پرملک بھرمیں مہنگائی وبے روزگاری سودی نظام اورعوام دشمن پالیسیوں کے خلاف 101دھرنے دیئے جارہے ہیں۔عوام چوروں وظالموں اورفرسودہ نظام کے خلاف اورعادلانہ نظام کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیرضلع سروراحمد قریشی،جنرل سیکرٹری سرداراحمد آرائیں،نائب امیر راشدمکرم،مقامی امیرفیصل ہمایوں ،عاشق علی خانزادہ،یوتھ کے صدریاسرخان ودیگربھی موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تبدیلی اورعوام کو ریلف دینے کے دعویدار حکمرانوں نے340ارب روپے کے نئے ٹیکس لگاکر عوام سے زندہ رہے کا حق بھی چھیننا چاہتے ہیںجوکہ ان کے دعووں کی نفی ہے۔قومی خزانہ قوم کی امانت ہے مگر بدقسمتی سے ہرآنے والے حکمرانوں اوروزراء نے لوٹ کا مال سمجھ رکھا ہے۔اس لییاسلامی نظام و دیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال کرخوشحالی،امن وترقی کی طرف گامزن کرسکتی ہے،جس کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے۔