کوئی گیم شروع نہیں ہورہی، عمران پانچ سال پورے کر ینگے،شیخ رشید


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی گیم شروع نہیں ہورہی ،عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سب مسئلوں کی ذمہ داری وزارت داخلہ کی نہیں جب کہ اے پی ایس شہدا کے لواحقین کی درخواست آئے گی تو کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی گیم شروع نہیں ہو رہی،گیم صرف عمران خان کی ہے، کوئی خطرے کی بات نہیں ہے، عمران خان کی حکومت کامیاب رہے گی اور پانچ سال پورے کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان قابلِ احترام اور پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے، اس کے فیصلے حکومت اور وزیراعظم پر بھی لاگو ہیں لہذا سپریم کورٹ جو کہے گی وزیراعظم سنیں گے کیونکہ سپریم کورٹ بھی جمہوریت کا حصہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اٹارنی جنرل بہتر بات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیرِ خارجہ نہیں ہوں کہ ٹی ٹی پی کے مذاکرات کا علم ہو۔