سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے وائس چیئرمین عمر عبداللہ نے متنازعہ فلم دی کشمیر فائلز کو من گھڑت کہانی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں بہت سارا جھوٹ دکھایاگیا ہے۔دی کشمیر فائلز جھوٹ کا پلندہ ہے۔
عمر عبداللہ نے ضلع کولگام میں ایک ریلی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ1990میں اس وقت مقبوضہ علاقے میں نیشنل کانفرنس کی حکومت نہیں تھی بلکہ بھارت میں وی پی سنگھ کے دور حکومت میں گورنر راج نافذ تھا۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے تو یہ بات واضح نہیں کی گئی ہے کہ کشمیر فائلز ایک فلم ہے یادستاویزی فلم ۔
انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ فلم میں بہت سارا جھوٹ دکھایاگیا ہے اور سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ فلم میں دکھایاگیا ہے کہ اس وقت مقبوضہ علاقے میں نیشنل کانفرنس کی حکومت تھی۔انہوں نے کہاکہ درحقیقت 1990میں کشمیری پنڈتوں کی ہجرت کے وقت جموں و کشمیر میں گورنر راج نافذتھا اور ہندوستان میں وی پی سنگھ کی سربراہی میں بی جے پی کی حمایت یافتہ حکومت تھی۔
نیشنل کانفرنس کے وائس چیئرمین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نہ صرف کشمیری پنڈتوں کو بے گھر اورقتل کیا گیا بلکہ مسلمانوں اور سکھوں کابھی قتل عام کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے مسلمانوں اور سکھوں نے بھی ہجرت کی تھی جو آج تک واپس نہیں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ کشمیری پنڈت وادی کشمیر میں اپنے گھر بار چھوڑ کر چلے گئے تھے تاہم نیشنل کانفرنس نے ان کی بحفاظت واپسی کی کوشش کی ہے ،تاہم فلم کشمیر فائلزسے ایسی تمام کوششیں بری طرح متاثرہوئی ہیں۔