کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے،مظفر آباد میں کشمیری قیادت کا کشمیر ریلی میں مطالبہ


مظفرآباد(صباح نیوز)آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، وزیر اعظم ، سردار محمد عبدالقیوم نیازی ، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر سمیت آزاد کشمیر کی ساری سیای قیادت نے جدوجہد آزادی میں مصروف مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کی آزادی کی تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سیاسی قیادت نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں نیز اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔حکومت آزاد کشمیر کی میزبانی میں نئے پریس کلب سے برہان وانی چوک تل ریلی نکالی گئی

اس موقع پر آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے قائدین نے ریلی سے خطاب کیا ۔ ریلی سے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار محمد عبدالقیوم نیازی، قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عتیق احمد خان، سابق صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب، صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی، صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال، صدر جموں و کشمیرپیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم، صدر جمعیت علمائے جموں و کشمیر مولانا امتیاز صدیقی، جمعیت علمائے اسلام جموں و کشمیر کے مولانا امتیاز عباسی، صدر لبریشن لیگ آزاد کشمیر خواجہ منظور قادر، مشتاق السلام حریت کانفرنس نے خطاب کیا۔

تمام قائدین نے مظفرآباد میں کامیاب ریلی پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مبارک دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم مستقبل میں بھی صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنا دیا ہے۔

اس موقع پر تمام قائدین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم کی پر زور مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم کا نوٹس لیں۔ کشمیریوں نے سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر کشمیر ریلی میں شرکت کر کے دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ کشمیر کشمیر کاز پر ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے پانچ اگست 2019 کے تمام اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس ریلی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی آزادی کی تحریک میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں

اس موقع پر تمام قائدین نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں نیز اقوام متحدہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں اس موقع پر قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے جو بھی کال دیں گے ہم اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد نیشنل پریس کلب سے ڈی چوک چوک تک ریلی نکالی آج دوسرے مرحلے میں پریس کلب مظفرآباد سے برہان وانی چوک تک ریلی نکالی اس کے بعد میرپور راولاکوٹ کراچی لاہور سیالکوٹ سمیت دیگر مقامات پر ریلیاں نکال کر کشمیری عوام کی موبلائزیشن کریں ہمارا الٹی میٹ اور انتہائی قدم لائن آف کنٹرول کو دیوار برلن کی طرح اپنے قدموں تلے روند ڈالنا ہے۔ میں نے لائن آف کنٹرول کو توڑنے کے لیے کشمیریوں کی موبلائزیشن کا سلسلہ 2014 میں لندن میں ملین مارچ سے شروع کیا تھا اس کے بعد نیویارک برسلز ائیر لینڈ اور جرمنی کے شہر برلن میں دیوار برلن پر ملین مارچز کیے گئے جرمنی برلن میں دیوار برلن پر ملین مارچ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ جس طرح دیوار برلن کو جرمنی کی عوام نے اپنے قدموں میں روند ڈالا تھا اسی طرح ہم کشمیری بھی لائن آف کنٹرول کو اپنے قدموں تلے مسل ڈالیں گے میں نے لائن آف کنٹرول کو توڑنے کا اعلان دیوار برلن پر کیا تھا میں نے اس سلسلے میں آزاد کشمیر کی قیادت کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت سے بھی مشاورت کی تھی سید علی گیلانی شہید یاسین ملک شبیر شاہ سمیت حریت قیادت کو اعتماد میں لیا تھا جس میں طے پایا تھا کہ دونوں اطراف کے کشمیری لائن آف کنٹرول کی طرف بڑھیں گے سب سے آگے کشمیری قیادت ہو گی جب ہم لائن آف کنٹرول کو توڑنے کی الٹی میٹلی کال دیں گے تو اوورسیز کشمیری بھی اس مارچ میں شامل ہوں گے برطانیہ امریکہ کینیڈا یورپ سمیت پوری دنیا سے اوورسیز کشمیری بھی اس میں شامل ہوں گے۔

آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں تمام ریاستی قیادت اور ریلی میں شامل عوامی سمندر نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہم سب ایک پلیٹ فارم پر متفق و متحد ہیں۔ کامیاب اور تاریخ ساز ریلی پر آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے قائدین اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم دارالحکومت مظفرآباد میں کھڑے ہو کر آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں آزادی کشمیریوں کی منزل مقصود و منزل مراد ہے کشمیریوں کا خون ایک دن کشمیر کی آزادی کی صورت میں رنگ لائے گاآزاد کشمیر کا خطہ ہمارے آبا اجداد نے اپنے زور بازو پر آزاد کروایا تھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم تمام حدود توڑ چکے ہیں بھارت نے 42 لاکھ ہندں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے تاکہ وہاں آبادی کا تناسب کشمیری عوام کے خلاف کر کے ہندو وزیر اعلی منتخب کروایا جائے ہم ان اقدامات کی پر زور مذمت کرتے ہیں عالمی برادری ان اقدامات کا نوٹس لے