کشمیریوں کے قتل کیخلاف کل مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہو گی


 سری نگر۔۔۔کشمیریوں کے قتل عام، جبری گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف جمعہ کے روز مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک ہفتے میں درجن بھربے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف  کاروبار زندگی معطل رکھا جائے گا۔

کے پی آئی کے مطابق ہڑتال کی  اپیل  کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے دی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں ایک ہفتے کے دوران مقبوضہ علاقے میں 11بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجی کشمیریوں کی منظم نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ واضح رہے کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ جمعرات سے پورے مقبوضہ علاقے میں جاری تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروائیوں کے دوران 11نوجوانوں کو شہید اور درجنوں عمارتوں کو تباہ کر دیاہے۔

بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ وہ دن دور نہیں جب شہدا  کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

حریت قیادت نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لیں اور بھارت پر کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے کیلئے دبائو بڑھائیں۔