ڈسکہ انکوائری رپورٹ:دھاندلی کے مجرموں کو عبرتناک سزا د ی جائے ،نواز شریف


لندن (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں بے ضابطگی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی انکوائری رپورٹ کے نتائج کی روشنی میں وزیر اعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دھاندلی کے تمام مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی انکوائری رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ ڈسکہ میں عمران خان اور ان کے حواریوں نے کس طرح الیکشن چوری کیا۔نواز شریف نے مزید کہا کہ 2018 میں آر ٹی ایس کیوں بند کیا گیا، ڈسکہ انکوائری رپورٹ کے بعد کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہ جاتا۔

انہوں نے کہا کہ اس دھاندلی کے تمام مجرموں کو عبرت ناک سزا دے کر آئینی ذمہ داری پوری کی جائے۔اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے انکوائری رپورٹ پر وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے رواں برس 19 فروری کو سیالکوٹ کے حلقہ این-اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب میں دھاندلی سے متعلق انکوائری رپورٹ جاری کردی تھی۔انکوائری رپورٹ میں کہا گیا  کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر  اور ریٹرننگ افسر کی نااہلی کے باعث ڈسکہ الیکشن سبوتاژ ہوا اور وہ اپنے فرائض انجام دینے میں ناکام ہوئے۔