ق لیگ اتحادی، وزارت اعلیٰ سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، پرویزخٹک


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ق لیگ اتحادی ہے، وزارت اعلیٰ سے متعلق میڈیا پرکوئی بیان نہیں دیا۔میڈیا پر وزیر دفاع پرویزخٹک کی جانب سے ق لیگ کو وزارت اعلی نہ دینے کا بیان چلا تھا جس پر مونس الٰہی کا بھی ردعمل آیا، وزیردفاع پرویزخٹک نے مسلم لیگ ق کے حوالے سے چلنے والی خبروں سے متعلق سختی سے تردید کردی ہے۔

وزیردفاع نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کومن گھڑت اوربے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پرایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔ مسلم لیگ ق نے ہرمشکل وقت میں وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیا ہے اور اب بھی چوہدری برادران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ،وزارت اعلیٰ سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ۔

اس سے پہلے میڈیا پریہ خبریں آئی تھیں کہ وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ق کو پنجاب کی وزارت اعلی دینے سے صاف انکارکردیا ہے۔

وفاقی وزیر پرویزخٹک کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر وزیراعلی بنانے کا مطالبہ قبول نہیں ۔وزیراعلی نہیں بنا سکتے ن لیگ بناتی ہے تو بن جائیں۔

پرویزخٹک کے حوالے سے یہ بیان چلنے پر مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ پرویزخٹک سے ہردوسرے روز بات ہوتی بیان کی وضاحت پرویزخٹک خود کریں۔