اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو کل (بدھ کو) سوات میں جلسے میں شرکت سے روکتے ہوئے شرکت پر کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو سوات میں ہونے والے جلسے سے روک دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو سوات میں کل بدھ کو ہونے والے جلسے سے روکتے ہوئے کہا ہے کہ جس ضلع میں انتخابات ہوں وہاں وزیراعظم اور صدر وغیرہ شرکت نہیں کرسکتے۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد کوئی بھی ترقیاتی اسکیم کا اعلان نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کا مطالعہ کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان نے سوات جلسے میں شرکت کی تو قانونی کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں ضلع سوات میں بھی 31 مارچ الیکشن ہونگے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں وزیراعظم اور وفاقی وزرا کا ضلع دیر میں بڑے جلسہ عام میں شرکت کا نوٹس لیا تھا۔الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم، گورنر، وزیراعلی اور وفاقی وزرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 مارچ کو طلب کیا تھا۔