وزیراعظم سے اے ڈی بی کے نائب صدر کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حکومت کی حمایت پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی تعریف کی۔

اس موقع پر نائب صدر اے ڈی بی نے حکومت کی جانب سے کووِڈ 19 کے بحران سے نمٹنے کی تعریف کی۔نائب صدر اے ڈی بی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کورونا بحران کے دوران بہت سے ممالک سے بہت بہتر ہے۔ملاقات  میں نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ بینک پاکستان کی معیشت کی ترقی کو تیز کرنے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

علاوہ ازیں وزیرخزانہ شوکت ترین سے بھی ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کی ملاقات ہوئی جس میں وزیرخزانہ شوکت ترین نے نائب صدر اے ڈی بی کو ملکی معاشی صورتحال پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ اے ڈی بی اصلاحاتی پروگرام میں مختلف منصوبوں میں تعاون کر رہا، اے ڈی بی کے تعاون سے توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر عمل پیرا ہیں۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ دیگر اہم شعبوں میں بھی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، مستحکم گروتھ حاصل کرنے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وزیرخزانہ شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ وسیع ہونے سے ایف بی آر محصولات میں اضافہ ہوا ہے اور سنگل ونڈو آپریشن اور ٹریک اینڈ ٹریس کے نظام سے محصولات میں بہتری آئی۔ملاقات میں نائب صدر اے ڈی بی کی جانب سے معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اے ڈی بی کے نائب صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت سماجی اور معاشی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اے ڈی بی اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔