پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کا ملکی مفاد میں مل کر کام کرنے پر اتفاق


اسلام آباد(صبا ح نیوز) پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیوایم کے وفد نے ملاقات کی۔

زرداری ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، رخسانہ بنگش اور دیگر بھی موجود تھے جب کہ ایم کیو ایم کے وفد میں عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر، خواجہ اظہار اور جاوید حنیف شامل تھے۔

دونوں جماعتوں کی قیادت نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اطلاعات ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے تمام تر نکات سے اتفاق کیا ہے۔